مردہ مچھلیوں کےڈھیر نےسائنسدانوں کو پریشان کردیا

ہاٹ لائن نیوز : وسطی یونان کے بندرگاہی شہر وولوس کی بندرگاہ کے قریب 100 ٹن سے زائد مردہ مچھلیاں اچانک نمودار ہوئیں جس نے ماہرین کو بھی حیران کر دیا۔
نیویارک ٹائمز کیمطابق جب یونانی ماہی گیروں کی ایک کشتی مردہ مچھلیوں کے ڈھیر کے پاس سے گزری تو راہگیروں اور سیاحوں نے اس منظر کو اپنے موبائل فونز میں قید کر لیا۔
ایک مقامی شہری کونسل کے رکن کا کہنا ہے کہ سینکڑوں کلومیٹر تک پھیلی مردہ مچھلی ساحل پر گندگی پھیلا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان مچھلیوں کو بروقت نہ ہٹایا جائے اور ساحل سمندر کی صفائی نہ کی جائے تو یہ دیگر جانداروں اور ماحولیات کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مردہ مچھلیاں گزشتہ برس آنے والے شدید سیلاب کے دوران تازہ پانی سے سمندر میں پہنچی تھیں۔
مچھلیوں کی ہلاکت کی ممکنہ وجوہات کے حوالے سے ماہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال آنے والے شدید سیلاب کے دوران لاکھوں مچھلیاں ہلاک ہو گئی تھیں، جو اپنے تازہ پانی کے قدرتی ماحول کو چھوڑ کر سمندر کے کھارے پانی میں شامل ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق یونان کی حکومت نے لاکھوں مردہ مچھلیوں کو سمندر سے نکال کر ساحل پر ٹھکانے لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔









