طالب علموں کو شادیوں میں پرس چوری کرنے کا جرم سیکھانے والا سکول

ہاٹ لائن نیوز : بھارت میں ایک اسکول نے نوجوان طلباء کو جرائم کی کلاسوں میں تربیت دینا شروع کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں واقع تین دیہاتوں کے تعلیمی اداروں میں بچوں کو شادیوں اور دیگر مقامات پر پرس اور نقدی چھیننے کی تعلیم دی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، والدین اپنے 12 سے 13 سال کے بچوں کو ان “چور اسکولوں” میں بھیجتے ہیں جہاں وہ مقامی جرائم پیشہ گروہوں میں شامل ہوتے ہیں اور ان سے جرائم سیکھتے ہیں۔ سکولوں کے اساتذہ پیشہ ور مجرم ہیں جو پورے گینگ کو چلاتے ہیں۔
جرائم کے نصاب میں جیبیں اٹھانا، پرہجوم جگہوں پر بیگ/پرس چھیننا، پولیس سے بچنا اور مار پیٹ کرنا شامل ہے۔ بچوں کو جوا کھیلنے اور شراب بیچنے کا طریقہ بھی سکھایا جاتا ہے۔
ان اسکولوں میں جرائم کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبہ کے والدین 2 سے 3 لاکھ روپے بطور فیس ادا کرتے ہیں۔ طلباء عام طور پر کم تعلیم یافتہ ہوتے ہیں اور غریب گھرانوں سے آتے ہیں۔
اس کے علاوہ، ان بچوں کو امیر خاندانوں میں گھل مل جانے اور مہنگی ترین شادیوں میں داخل ہونے کی تربیت دی جاتی ہے۔









