بی آئی ایس پی کی رقم میں کٹوتی پر فوری ایکشن، شکایت درج کرانے کا طریقہ جانیں

0
0
بی آئی ایس پی کی رقم میں کٹوتی پر فوری ایکشن، شکایت درج کرانے کا طریقہ جانیں

پنوعاقل: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی مالی امداد میں غیر قانونی کٹوتی کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد اسلم انڈھڑ کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بائیومیٹرک ڈیوائس، موبائل فونز اور 2 لاکھ 30 ہزار روپے نقد برآمد کیے گئے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایس پی سکھر احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ملنے والی مالی امداد مستحق خواتین کا قانونی حق ہے۔ اس رقم میں ناجائز کٹوتی یا خردبرد کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

غیر قانونی کٹوتی کی شکایت کہاں کریں؟

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام کے مطابق اگر کسی مستحق خاتون کی امدادی رقم سے مقررہ رقم کے علاوہ کوئی اضافی کٹوتی کی جائے تو وہ فوری طور پر اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر میں شکایت درج کرا سکتی ہیں۔

متاثرہ افراد اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا متعلقہ افسر کو شکایت فارم کے ذریعے اپنی شکایت اور واقعے کی تفصیلات فراہم کر سکتے ہیں۔

شکایت درج کرانے کے لیے سرکاری ہیلپ لائن 0800-26477 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شکایات کی تحقیقات کے بعد الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار ایجنٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے اور متاثرہ مستحقین کی کٹوتی شدہ رقم واپس دلانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔

بی آئی ایس پی حکام نے مستحق خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی امدادی رقم وصول کرتے وقت مکمل رقم گنیں اور کسی بھی غیر قانونی کٹوتی کی صورت میں فوری شکایت درج کرائیں۔

Leave a reply