سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستان ہر ممکن اقدام اٹھانے کو تیار، ترجمان پاک فوج

0
33
سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستان ہر ممکن اقدام اٹھانے کو تیار، ترجمان پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نےکہاہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ کیلیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنیکے لیے تیار ہے۔

عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور دونوں ممالک باہمی دفاعی تعاون کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں فوجی تربیت، مشترکہ مشقیں اور دفاعی معاونت شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان ضرورت کے مطابق سعودی عرب کو افرادی قوت، فوجی تربیت، دفاعی سازوسامان اور لاجسٹک معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم فوجی دستوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔

انہوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہری علاقوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف سعودی سلامتی بلکہ پورے خطے کے استحکام کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ تاہم خطے میں پائیدار امن کے لیے کشیدگی میں کمی اور سفارتی مذاکرات کو بھی ناگزیر قرار دیا۔

پاکستان کا علاقائی امن کے لیے سفارتی کردار

ترجمان پاک فوج نے تہران میں ہونے والے علاقائی مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد خطے میں تناؤ کم کرنے اور باہمی تعاون کے امکانات پیدا کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینا تھا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد اور علاقائی اجلاس میں شرکت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ قرار دیا۔

ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ستمبر میں طے پانے والا مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری کا مظہر ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس اجتماعی دفاع، فوجی تعاون اور مشترکہ تیاری کے لیے ایک سہ فریقی پلیٹ فارم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام دفاعی معاہدوں اور تعاون کا بنیادی مقصد دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور خطے میں استحکام کے فروغ میں کردار ادا کرنا ہے۔

Leave a reply