
پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ ان کی نئی فلم میں شمولیت کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبزحلقوں میں خوشی کیفضا پیدا ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریما خان معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ میں اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔
وجاہت رؤف نے سوشل میڈیا پر اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے ریما خان کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ریما خان کا شمار پاکستان کی مقبول فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1990 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور متعدد کامیاب فلموں کے ذریعے شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔
شادی کے بعد ریما خان نے امریکہ میں رہائش اختیار کرلی تھی اور طویل عرصے سے فلمی سرگرمیوں سے دور تھیں۔
تاحال فلم ’پنچھی پیارے‘ کی کہانی، ریما خان کے کردار اور دیگر کاسٹ کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ریما خان کی فلم میں واپسی پر شوبز شخصیات نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اداکار عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے انہیں اور وجاہت رؤف کو مبارکباد دی ہے۔
اب فلم بینوں کو اس نئے منصوبے کی مزید تفصیلات اور ریما خان کے کردار کے اعلان کا انتظار ہے۔









