
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور بھرپور جذبے کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے۔ ان کے مطابق میچ کے دوران کھلاڑیوں کی محنت اور مقابلے کا عزم نمایاں رہا۔
وزیراعظم نے شاداب خان کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر اہم شراکت کو فتح کا فیصلہ کن موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے پاکستانی شائقین میں خوشی اور فخر کی لہر دوڑا دی ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے بھی قومی ٹیم کی ایک وکٹ سے کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے شاداب خان کی سنچری اور آخری وکٹ کی شراکت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے ٹیم کے اتحاد، پیشہ ورانہ مہارت اور حوصلے کی تعریف کی۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔









