آذربائیجانی خاتون نے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کوبےقصور قرار دےدیا

0
42
آذربائیجانی خاتون نے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کوبےقصور قرار دےدیا

لاہور میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈیانا کے مبینہ گینگ ریپ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں خاتون نے ویڈیو بیان میں ملزم احمد تنویر کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کیس ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں ڈیانا کا کہنا ہے کہ احمد تنویر نے ان کے ساتھ زیادتی نہیں کی اور نہ ہی ان کا موبائل فون اٹھایا۔ وہ اس سے قبل زیادتی کے حوالے سے دیے گئے بیانات کو دباؤ کا نتیجہ قرار دے چکے ہیں۔ ویڈیو میں خاتون نے متعلقہ حکام سے کیس ختم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

بیان کے آغاز میں ڈیانا نے 9 اکتوبر کی تاریخ کا حوالہ دیا جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ یہ ویڈیو چند روز قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ڈیانا نے آذربائیجان کے سفارت خانے کی دستاویزات کے ذریعے احمد تنویر کو بے گناہ بھی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے احمد تنویر کو 27 اکتوبر تک عبوری ضمانت ملنے کے باوجود عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں ڈیانا نے کہا کہ احمد تنویر نے مجھ سے زبردستی نہیں کی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ وہ خود عدالت میں پیش ہونا چاہتی تھی لیکن اسے بتایا گیا کہ اس کی جان کو خطرہ ہے اور اسے زبردستی پاکستان سے ڈی پورٹ کیا گیا۔

ویڈیو میں احمد تنویر کو بری کرنے کے علاوہ ڈیانا نے یہ بھی کہا کہ وہ دیگر دو ملزمان محسن اور علی زین کو معاف کر دیتی ہیں۔

Leave a reply