
ممبئی: بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کا ابتدائی ہدف مبینہ طور پر سلمان خان تھے۔ رپورٹس کیمطابق، سلمان خان کی رہائش گاہ پر سخت سکیورٹی کیوجہ سےحملہ آور اپنےمنصوبے پر عمل نہیں کرسکے، جسکے بعد انہوں نے ٹائیگر شروف کو نشانہ بنانیکا فیصلہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق، واقعہ اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا، جہاں ٹائیگر شروف فٹ بال کھیلنے کے بعد روانہ ہورہے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات میں فائرنگ کے دوران سات گولیاں چلائے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملزمان مبینہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے اداکار کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے اور ان کی روزمرہ نقل و حرکت سے واقف تھے۔
دوسری جانب، لارنس بشنوئی سے مبینہ طور پر تعلق رکھنے والے انیل پنڈت کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک آڈیو پیغام جاری کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جسمیں حملے کی ذمہ داری قبول کرنیکا دعویٰ کیا گیا۔ پیغام میں ٹائیگر شروف اور سلمان خان سے وابستہ افراد کوبھی دھمکیاں دیے جانیکی اطلاعات بھی ہیں۔
تاہم، سلمان خان کو حملہ آوروں کا ابتدائی ہدف بنائے جانے اور واقعے سے متعلق دیگر دعوؤں کی آزادانہ یا سرکاری تصدیق سامنے آنا ضروری ہے۔ پولیس واقعے کے محرکات، مشتبہ افراد کے ممکنہ روابط اور فائرنگ میں ملوث عناصر کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔









