
ایشین گیمز 2026 کے پاک بھارت گولڈ میڈل میچ میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی شریک نہیں ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاپان کے شہر نِشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں گولڈ میڈل کے لیے اہم مقابلہ کھیلا جا رہا ہے، تاہم محسن نقوی کی میچ کے موقع پر موجودگی کے حوالے سے جاری قیاس آرائیاں اب ختم ہوگئی ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا ہے کہ محسن نقوی پہلے سے طے شدہ اہم مصروفیات کے باعث ایشین گیمز کے فائنل ڈے میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اے سی سی کے مطابق محسن نقوی نے گولڈ اور برونز میڈل کے میچز میں شریک چاروں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری مصروفیات کے باعث وہ ناگویا میں موجود نہیں ہوں گے، تاہم وہ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے منتظر رہیں گے۔
محسن نقوی کی پاک بھارت کرکٹ مقابلوں میں موجودگی حالیہ برسوں میں خاصی توجہ کا مرکز رہی ہے۔ وہ چیئرمین پی سی بی کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں اور ایشین کرکٹ کونسل کی سربراہی بھی کر رہے ہیں۔
گزشتہ برسوں میں ٹرافی کی تقریب کے حوالے سے بھی پاکستان اور بھارت کے کرکٹ حکام کے درمیان اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔ بھارتی ٹیموں کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے واقعات کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کے پلیٹ فارم پر بھی یہ معاملہ زیر بحث رہا۔
ایسے میں ایشین گیمز کے پاک بھارت فائنل اور میڈل تقریب کے موقع پر محسن نقوی کی ممکنہ موجودگی کے حوالے سے بھی دلچسپی پائی جا رہی تھی۔ تاہم اے سی سی کے تازہ بیان کے بعد واضح ہوگیا ہے کہ وہ فائنل ڈے کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔









