واٹس ایپ میں بچوں کے تحفظ کیلئے نئے پیرنٹل کنٹرولز کا اضافہ

0
19
واٹس ایپ میں بچوں کے تحفظ کیلئے نئے پیرنٹل کنٹرولز کا اضافہ

واٹس ایپ نے کم عمر صارفین کے تحفظ اور والدین کو بچوں کے اکاؤنٹس پر مزید کنٹرول دینے کے لیے نئے حفاظتی ٹولز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

نئے فیچرز کے ذریعے والدین کو بچے کے واٹس ایپ استعمال سے متعلق بعض اہم سیٹنگز کا انتظام کرنے کی سہولت ملے گی۔ والدین کو اطلاع دی جا سکے گی کہ ان کا بچہ کب کسی گروپ میں شامل ہوا یا کسی گروپ سے الگ ہوا۔

اس کے علاوہ والدین بچوں کے اکاؤنٹس میں ڈیٹا سے متعلق ترجیحات اور بعض خودکار سیٹنگز کو بھی کنٹرول کر سکیں گے۔ پن کوڈ کی مدد سے والدین اپنی مقرر کردہ سیٹنگز کو محفوظ بنا سکیں گے تاکہ بچے انہیں خود تبدیل نہ کر سکیں۔

کمپنی کے مطابق نئے نظام کے باوجود بچوں کی نجی گفتگو والدین کی براہِ راست رسائی میں نہیں آئے گی۔ بچوں کی چیٹس اور کالز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رکھا جائے گا، جبکہ والدین کو بچوں کے بھیجے یا موصول کیے گئے پیغامات پڑھنے کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔

والدین یہ بھی طے کر سکیں گے کہ ان کے بچے واٹس ایپ کے چینلز استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں۔ اسی طرح میٹا اے آئی سے متعلق بچوں کے لیے دستیاب مخصوص سیٹنگز کو بھی والدین اپنی ترجیحات کے مطابق ترتیب دے سکیں گے۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ نئے پیرنٹل ٹولز کا مقصد والدین کو بچوں کے آن لائن تجربے کے حوالے سے زیادہ اختیار دینا ہے، جبکہ بچوں کی پرائیویسی بھی برقرار رکھی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں کے دوران دنیا بھر میں صارفین کے لیے مرحلہ وار دستیاب کیے جائیں گے۔

Leave a reply