
اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کے معاملے پر مشاورت کے لیے ایوانِ صدر میں اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس آج شام ہوگا، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران صدر آصف علی زرداری کو خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال اور امن و امان سے متعلق معاملات پر بریفنگ دیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں خیبر پختونخوا کی صورتحال پر صدرِ مملکت سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اجلاس میں صوبے میں ممکنہ آئینی اقدامات اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔









