
راولپنڈی: اڈیالہ جیل کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے انتظامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت جیل کے گرد مختلف اہم مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت اڈیالہ جیل کے اطراف 8 مقامات پر ناکے قائم کیے جائیں گے۔ ان میں داہگل، گیٹ نمبر ایک، گیٹ نمبر پانچ، فارماسیوٹیکل فیکٹری اور گورکھپور سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔ فیز 8، چکری اور ٹھلیاں کے علاقوں میں بھی اضافی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 435 پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض انجام دیں گے، جن میں رائٹ مینجمنٹ، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے اہلکار شامل ہوں گے۔
سکیورٹی انتظامات کے دوران داہگل سے گورکھپور تک بعض پیٹرول پمپس، ہوٹلوں اور دکانوں کو بند رکھنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے، جبکہ جیل کے اطراف غیر ضروری آمدورفت کی نگرانی مزید بڑھا دی جائے گی۔
پولیس حکام کے مطابق نئے سکیورٹی پلان کی نگرانی ایس پی صدر اور ڈی ایس پی صدر کریں گے۔ یہ انتظامات آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے۔









