
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا، جس میں انہیں صحت مند قرار دیا گیا۔
عطا تارڑ کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ طبی معائنے کے دوران ماہر امراض قلب، ماہر امراض چشم اور فزیشن سمیت ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم موجود تھی۔ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ڈاکٹرز بھی طبی معائنے کے عمل میں شریک رہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق عمران خان کو ماضی میں بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ضرورت پڑنے پر انہیں مناسب طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ عمران خان کو رات گئے اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال لے جایا گیا، تاہم بعد ازاں طبی معائنے کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اسپتال میں داخلے کی ضرورت پیش آنے کی صورت میں بھی ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔








