8 فروری کا احتجاج عمران خان کی کال نہیں، اپوزیشن اتحاد کا فیصلہ ہے: علیمہ خان

0
53
8 فروری کا احتجاج عمران خان کی کال نہیں، اپوزیشن اتحاد کا فیصلہ ہے: علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیرِاعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے احتجاج کی اپیل عمران خان کی جانب سے نہیں دی گئی بلکہ یہ اپوزیشن اتحاد کا فیصلہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عدالت کو آگاہ کیا جا چکا ہے کہ عمران خان نے صرف عدلیہ کی خودمختاری کے حق میں پُرامن آواز بلند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کے مطابق افسوسناک امر یہ ہے کہ جو لوگ انصاف اور آئین کی بالادستی کی بات کر رہے ہیں، انہی کو قید و بند کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور انہوں نے کبھی عوام سے یہ نہیں کہا کہ وہ ان کے حق میں سڑکوں پر نکلیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر عدالتی نظام سے واقعی انصاف مل رہا ہوتا تو آج عمران خان اس حال میں نہ ہوتے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل کے باہر قرآن خوانی جیسے عمل کو بھی جرم بنا دیا گیا ہے اور عدلیہ کی آزادی کے لیے آواز اٹھانے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ عمران خان کو غیر قانونی طور پر قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ گزشتہ شب واپسی کے دوران روات تھانے کے ایس ایچ او نے ان کے ساتھ موجود افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کئی گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ ان کے مطابق تین خواتین کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اور آٹھ سے زائد گاڑیاں قبضے میں لی گئیں، جنہیں چھڑوانے کے لیے پولیس کو رقم ادا کرنا پڑی۔
آخر میں انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ 8 فروری کے احتجاج کی کال عمران خان کی جانب سے نہیں بلکہ اپوزیشن اتحاد کی طرف سے دی گئی ہے۔

Leave a reply