
اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 کو ختم ہو جائے گا۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا 27 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں، اور اسی تاریخ کے بعد یہ عہدہ ختم کر دیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئینی ترمیم کے تحت “چیف آف ڈیفنس فورسز” کا نیا عہدہ متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جو آرمی چیف کے پاس ہوگا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل، مارشل آف ایئر فورس اور مارشل آف نیول فورس کے ٹائٹل بھی تجویز کیے جا رہے ہیں، جنہیں دینے یا واپس لینے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہوگا۔
وزیر قانون نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل ایک رینک اور ٹائٹل ہے، جبکہ آرمی چیف ایک آئینی عہدہ ہے جس کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے۔ نئی تجویز کے مطابق آرمی چیف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔









