یو اے ای کا ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان

0
108
یو اے ای کا ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قائم کیے گئے ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صدر شیخ محمد بن زاید نے امریکا کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے اس بین الاقوامی بورڈ کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بورڈ کے چارٹر میں رکن ممالک کے لیے زیادہ سے زیادہ تین سالہ مدت مقرر کی گئی ہے، جس میں توسیع چیئرمین کی منظوری سے مشروط ہوگی۔
اسی دوران پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ سے متعلق ’بورڈ آف پیس‘ میں شمولیت کے لیے وزیراعظم پاکستان کو بھی دعوت دی ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا ہے کہ اس بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے پیش کیے گئے 20 نکاتی امن منصوبے کی حمایت کا اظہار ہے، جس کا مقصد فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق امریکا مختلف عالمی رہنماؤں سے اس بورڈ میں شمولیت کے لیے رابطے کر رہا ہے، جس میں مستقل رکنیت کے لیے ایک ارب ڈالر فیس مقرر کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر اس بورڈ کا مقصد غزہ کی تعمیر نو کی نگرانی بتایا گیا تھا، تاہم دستیاب دستاویزات کے مطابق اس کا دائرہ کار صرف غزہ تک محدود نہیں رکھا گیا، بلکہ مستقبل میں یہ ادارہ اقوام متحدہ کے متبادل کردار کی کوشش بھی کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات امریکا کا قریبی اتحادی ہے اور خطے کے ان چند عرب ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔

Leave a reply