
متحدہ عرب امارات نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اور اہم پیش رفت حاصل کرلی ہے، جہاں مقامی سائنسدانوں نے کامیابی سے ایک جدید مائع ایندھن والے راکٹ انجن کا تجربہ مکمل کر لیا ہے۔
یہ تجربہ ابو ظبی کے ٹیکنالوجی انوویشن انسٹیٹیوٹ میں کیا گیا، جہاں ماہرین نے مکمل طور پر یو اے ای میں ڈیزائن اور تیار کردہ انجن کو جانچا۔ اس جدید انجن کی تیاری سے عرب دنیا کے لیے چاند اور مریخ مشنز کی راہیں مزید ہموار ہو گئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق مائع ایندھن والے راکٹ انجن جدید خلائی مشنز کا ایک اہم حصہ ہوتے ہیں، جنہیں سیٹلائٹس، قمری لینڈرز اور بین السیاراتی مہمات میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ادارے کے سی ای او ڈاکٹر نجوی کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ یو اے ای کے خلائی سفر میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کے بقول اب ملک اپنے خلائی مشنز کے لیے ضروری سسٹمز کو خود ڈیزائن، تجربہ اور تعینات کرنے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔









