
اگر آپ کو حال ہی میں یوٹیوب کچھ مختلف لگا ہے، تو یہ محض آپ کا خیال نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ یوٹیوب نے اپنا ویڈیو پلیئر اپ ڈیٹ کر دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو زیادہ بہتر اور جدید تجربہ فراہم کرنا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ویڈیو پلیئر کا ڈیزائن اب زیادہ سادہ (کلین) اور واضح ہو گیا ہے۔ اس میں نئے آئیکونز اور کنٹرولز شامل کیے گئے ہیں، جبکہ آن اسکرین بٹنز کو راؤنڈ (گول) شکل دی گئی ہے، جو کہ اسکرین پر زیادہ نمایاں اور صارف دوست محسوس ہوتے ہیں۔
یہ نیا ویڈیو پلیئر اب موبائل فونز، ویب براؤزرز اور سمارٹ ٹی ویز پر دستیاب ہے۔ یوٹیوب نے اس اپ ڈیٹ کی آزمائش 2025 کے آغاز سے شروع کی تھی، اور اب یہ باقاعدہ طور پر تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی یوٹیوب پر چند دیگر اپ ڈیٹس بھی کی جا رہی ہیں۔ مثلاً کمنٹس میں ریپلائی کرنے کا ایک نیا منظم سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ گفتگو کا سلسلہ بہتر اور مربوط ہو۔ علاوہ ازیں، کچھ ویڈیوز پر لائیک بٹن دبانے پر متحرک اینیمیشن بھی دکھائی دے گی، جو صارف کے تجربے کو مزید دلچسپ بنا دے گی۔