یورپی یونین اور امریکا کے تجارتی تعلقات میں کشیدگی، معاہدہ معطل

یورپی یونین نے امریکا کے ساتھ طے پانے والے تجارتی معاہدے کو معطل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یورپی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ امریکی صدر کی جانب سے گرین لینڈ سے متعلق بیانات اور یورپ پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکیوں کے تناظر میں کیا گیا۔ یورپی قیادت کا مؤقف ہے کہ ایسے بیانات اور اقدامات یورپی یونین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تجارتی معاہدہ گزشتہ برس طے پایا تھا، جس کے تحت امریکا نے متعدد یورپی مصنوعات پر مجوزہ 30 فیصد کے بجائے 15 فیصد ٹیرف عائد کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ اس کے بدلے میں یورپی یونین نے امریکی سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
یورپی پارلیمنٹ کی بین الاقوامی تجارت سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ حالیہ امریکی دھمکیوں نے دونوں فریقین کے درمیان اعتماد کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث معمول کے تجارتی تعلقات برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں معاہدے کی معطلی کے سوا کوئی اور راستہ باقی نہیں بچا تھا۔









