یمن پر فضائی حملے، 35 افراد شہید، 130 زخمی

یمن میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 35 افراد شہید اور 130 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حملے دارالحکومت صنعا اور الجوف کے علاقوں میں کیے گئے، جہاں رہائشی علاقوں اور ایک طبی مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
یمنی حکام کے مطابق یہ حملے اسرائیلی فضائیہ نے کیے، جن کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے حوثی فورسز کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ تاہم، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے زیادہ تر شہری آبادی پر مشتمل تھے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے جب ایک روز قبل قطر میں فلسطینی تنظیم حماس کے رہنماؤں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ حالیہ دنوں میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین، لبنان، شام، تیونس، قطر اور یمن میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔
حوثی تحریک نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف جوابی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔









