ہالینڈ کے ماہر نے زلزلے کے حوالے سے نیا انتباہ جاری کر دیا

0
44
ہالینڈ کے ماہر نے زلزلے کے حوالے سے نیا انتباہ جاری کر دیا

ہالینڈ کے زلزلہ شناس ماہر فرینک ہوگربیٹس نے حال ہی میں عوام کے لیے ایک نیا انتباہ جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں زمین پر ممکنہ زلزلہ خیز سرگرمیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں اور اس دوران لوگ کسی بھی غیر متوقع واقعے کے لیے محتاط رہیں۔
ہوگربیٹس کے مطابق، اجرام فلکی کی موجودہ ترتیب، جسے وہ “سیاروں کی جیومیٹری” کہتے ہیں، اس وقت خاص اہمیت کی حامل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 13 سے 15 فروری کے دوران زمین، چاند اور سیارہ مشتری ایک سیدھی لائن میں آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے زلزلوں کی سرگرمی بڑھ سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں انہوں نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی اور ممکنہ بڑے زلزلے یا حیران کن واقعات سے خبردار کیا۔
دوسری جانب، سائنسی کمیونٹی نے ہوگربیٹس کے دعووں کو غیر سائنسی قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاروں کی گردش اور زمین پر زلزلوں کے درمیان کوئی سائنسی تعلق موجود نہیں، اور مختصر مدت میں زلزلے کی درست پیش گوئی ممکن نہیں۔
ہوگربیٹس نے اپنے نظریات پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ سیاروں کی حرکات زمین پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ وہ “سولر سسٹم جیومیٹری سروے” (SSGEOS) کے سربراہ بھی ہیں، جو اجرام فلکی اور زلزلوں کے ممکنہ تعلقات پر تحقیق کرتا ہے۔
ہوگربیٹس کی شہرت فروری 2023 میں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد بڑھ گئی تھی، جس کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے تین دن قبل اس کی پیش گوئی کی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل سوشل میڈیا پر زلزلوں کے حوالے سے پیش گوئیاں کر رہے ہیں، جنہیں لے کر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔

Leave a reply