
اسلام آباد: ملک بھر میں گیس کے نرخوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں اوگرا کو جمع کرادی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے صارفین کے لیے 28.62 فیصد تک گیس ٹیرف بڑھانے کی تجویز دی ہے۔ کمپنی نے اوسطاً 189 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے ساتھ ایل این جی سروس چارجز کی مد میں مزید 316 روپے 64 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب، سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ اور بلوچستان کے صارفین کے لیے تقریباً 22 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، جس میں گزشتہ سال کے بقایاجات بھی شامل ہیں۔
اوگرا (OGRA) کی جانب سے سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت 7 نومبر جبکہ سوئی سدرن کی درخواست پر سماعت 11 نومبر کو ہوگی۔
اگر درخواستیں منظور ہوئیں تو آنے والے مہینوں میں صارفین کو گیس کے بلوں میں نمایاں اضافہ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔









