
بولی ووڈ کے سپر اسٹار ہریتک روشن حال ہی میں فلم ساز گولڈی بہل کی سالگرہ کی تقریب میں بیساکھیوں کے ساتھ شریک ہوئے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق سوالات اور تشویش سامنے آنے لگی۔
ان قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے ہریتک روشن نے خود انسٹاگرام پر ایک تفصیلی اور ہلکے پھلکے انداز میں وضاحت پیش کی۔ اداکار کے مطابق ان کے بائیں گھٹنے نے اچانک ساتھ چھوڑ دیا، جس کے باعث انہیں وقتی طور پر بیساکھیوں کا سہارا لینا پڑا۔
ہریتک نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ان کا جسم بعض اوقات غیر متوقع رویہ اختیار کر لیتا ہے، جیسے ہر عضو کا الگ کنٹرول سسٹم ہو۔ ان کے مطابق بائیں ٹانگ، بایاں کندھا اور دایاں ٹخنہ کبھی بھی کام روک سکتے ہیں اور وہ اس صورتحال کے عادی ہو چکے ہیں۔
اداکار نے ان جسمانی مسائل کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجربات انہیں عام لوگوں سے مختلف زاویے سے زندگی کو دیکھنے کا موقع دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لمحات ذہنی طور پر بھی متاثر کرتے ہیں اور بعض اوقات مایوسی طاری ہو جاتی ہے، مگر یہی حالات ان کے اندر مزاح کا عنصر بھی پیدا کرتے ہیں جو انہیں سنبھلنے میں مدد دیتا ہے۔
ہریتک روشن نے فلمی سیٹ سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ کچھ دنوں میں وہ مخصوص الفاظ درست طور پر ادا نہیں کر پاتے۔ ایک منظر کے دوران وہ ’ڈنر‘ کے بجائے بار بار ’لنچ‘ کہہ رہے تھے، جس پر سیٹ پر موجود افراد انہیں درست لفظ یاد دلاتے رہے۔
اپنی پوسٹ کے اختتام پر ہریتک نے اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں ساتھیوں کی حمایت انہیں حوصلہ دیتی ہے۔
جہاں تک پیشہ ورانہ مصروفیات کا تعلق ہے، ہریتک روشن فلم وار 2 کے بعد جلد ہی کرش 4 میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کو ان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے وہ بطور ہدایتکار بھی اپنے سفر کا آغاز کریں گے، جس کا شائقین کو بے حد انتظار ہے۔









