
سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈو کشمور روڈ پر پیش آنے والے واقعے میں بس سے اغوا کیے گئے 19 مسافروں میں سے 11 کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی اوباڑو کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے سومیانی کے علاقے میں کارروائی کے دوران مغویوں کو آزاد کرایا۔ باقی افراد کی بازیابی کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس اور رینجرز مشترکہ طور پر ملزمان کا تعاقب کر رہے ہیں جبکہ نگرانی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیر کی رات نامعلوم مسلح افراد نے گھوٹکی کے قریب مسافر بس کو روک کر کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرید شاخ کے قریب ڈاکوؤں نے بس پر حملہ کیا اور مسافروں کو زبردستی اتار کر اغوا کرلیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بس میں خواتین سمیت تقریباً 25 افراد سوار تھے، تاہم خواتین کو چھوڑ دیا گیا جبکہ 19 مرد مسافروں کو ساتھ لے جایا گیا۔
واقعے کے دوران فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ مذکورہ بس صادق آباد سے کوئٹہ جا رہی تھی۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ کر دی گئیں۔








