گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

0
26
گھریلو اور تجارتی صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

بجلی کے صارفین کے لیے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں فی یونٹ تقریباً 1.78 روپے اضافے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اس سلسلے میں نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، جس پر 26 فروری کو سماعت ہوگی۔
درخواست کے مطابق جنوری کے مہینے میں مجموعی طور پر 9.14 ارب یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں کو 8.762 ارب یونٹس فراہم کیے گئے۔ حکام کے مطابق اس دوران بجلی کی اوسط فی یونٹ لاگت 12.17 روپے رہی، جبکہ ریفرنس لاگت 10.39 روپے فی یونٹ مقرر تھی۔ اسی فرق کی بنیاد پر صارفین سے اضافی رقم وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں بجلی کی پیداوار مختلف ذرائع سے ہوئی، جس میں پانی سے 7.80 فیصد، مقامی کوئلے سے 15.36 فیصد، درآمدی کوئلے سے 17.28 فیصد، فرنس آئل سے 3 فیصد، مقامی گیس سے 12.23 فیصد، ایل این جی سے 21.90 فیصد اور جوہری ایندھن سے 17.49 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔
اگر نیپرا درخواست منظور کر دیتی ہے تو اس کا اثر گھریلو اور تجارتی صارفین کے ماہانہ بلوں پر براہ راست پڑے گا، جس سے پہلے ہی مہنگائی کا سامنا کرنے والے عوام کے لیے بجلی مزید مہنگی ہو جائے گی۔ حتمی فیصلہ سماعت کے بعد سامنے آئے گا اور اس کے بعد ہی واضح ہوگا کہ صارفین پر کتنا اضافی بوجھ آئے گا۔

Leave a reply