گٹر کے ڈھکن چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتیں: وزیر دفاع کا سخت ردعمل

ملک کے مختلف شہروں میں گٹر کے ڈھکن چوری ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات نے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ حال ہی میں کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر ایک کمسن بچے کی جان جانے کے افسوسناک واقعے نے انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
اس سانحے کے بعد مختلف سیاسی رہنماؤں نے سخت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو کے ذریعے گٹر کے ڈھکن چوری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ویڈیو میں مختلف واقعات دکھائے گئے ہیں جن میں ایک گدھا گاڑی پر موجود خاتون اور دو نوجوان، ایک چنگچی ڈرائیور اور دیگر افراد کو گٹر کے ڈھکن اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے اپنی پوسٹ میں واقعے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر معصوم جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار ہیں اور ان کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس نوعیت کے جرائم پر سخت کارروائی نہ کی گئی تو یہ تصور ابھرے گا کہ نظام خود بھی اس سنگین غفلت میں شریک ہے۔
شہری حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ مین ہول ڈھکنوں کی چوری روکنے اور فوری مرمت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید سانحات سے بچا جا سکے۔









