گوگل کا نیا اور طاقتور اے آئی ماڈل “جیمنائی 3” متعارف

0
82
گوگل کا نیا اور طاقتور اے آئی ماڈل "جیمنائی 3" متعارف

گوگل نے اپنا جدید ترین اور اب تک کا سب سے طاقتور آرٹیفیشل انٹیلی جنس ماڈل جیمنائی 3 پیش کر دیا ہے، جو اب جیمنائی ایپ اور اے آئی سرچ انٹرفیس میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

اس سے قبل کمپنی نے تقریباً سات ماہ پہلے جیمنائی 2.5 متعارف کرایا تھا، تاہم نیا ماڈل اس کے مقابلے میں زیادہ مضبوط، جدید اور بہتر منطقی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ گوگل کے مطابق جیمنائی 3 میں استدلال اور پیچیدہ صورتحال کو سمجھنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں یہ ماڈل زیادہ گہرائی اور باریک بینی سے ردعمل دے سکتا ہے۔

نئے بنیادی ماڈل کے ساتھ ساتھ جیمنائی 3 ڈیپ تھنک کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جو تحقیقی مقاصد کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں گوگل اے آئی الٹرا کے سبسکرائبرز کو دستیاب ہوگا۔

کمپنی کے مطابق جیمنائی ایپ دنیا بھر میں مقبول ہوچکی ہے اور اس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 65 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔

اس کے علاوہ گوگل نے جیمنائی پر مبنی گوگل اینٹی گریویٹی نامی پاور کوڈنگ انٹرفیس بھی پیش کیا ہے، جو ملٹی ایجنٹ کوڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں چیٹ بیسڈ پرومپٹ ونڈو اور براؤزر ونڈو شامل ہیں، جہاں اے آئی ایجنٹس براہِ راست صارف کے براؤزر اور ایڈیٹر کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ایپ ڈیولپمنٹ میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

Leave a reply