
گوگل نے اپنی ٹرانسلیٹ ایپ کے لیے ایک اہم اپ ڈیٹ جاری کی ہے، جس کے ذریعے صارفین اب ہیڈفون استعمال کرتے ہوئے بات چیت کو حقیقی وقت میں اپنی منتخب زبان میں سن سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر نہ صرف ترجمہ فراہم کرتا ہے بلکہ بولنے والے کی آواز اور لہجہ بھی برقرار رکھتا ہے، جس سے غیر ملکی زبانوں میں بات چیت، لیکچرز اور میڈیا مواد کو سمجھنا آسان ہو جائے گا۔
نیا فیچر جمعرات 12 دسمبر کو بیٹا ورژن کے طور پر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے 70 سے زائد زبانوں میں بغیر رکاوٹ ترجمہ حاصل کیا جا سکے گا۔ گوگل نے بتایا کہ ترجمے کی درستگی بڑھانے کے لیے وہ اپنے مصنوعی ذہانت کے ٹول “جیمینائی” کا استعمال کرے گا، خاص طور پر ان جملوں اور فقروں کے لیے جن کے معنی پیچیدہ ہوں۔
اس فیچر کے تحت صارفین اب کسی بھی قسم کے ہیڈفون کو حقیقی وقت میں یک طرفہ ترجمے کا آلہ بنا سکتے ہیں، جبکہ پہلے یہ سہولت صرف پکسل بڈز تک محدود تھی۔ گوگل کے مطابق یہ اپ ڈیٹ روزمرہ زندگی میں زبان کی رکاوٹوں کو دور کرنے، سفر کے دوران اعلانات سمجھنے، اور غیر ملکی زبان میں ٹی وی یا آن لائن مواد دیکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
گوگل میں سرچ کے نائب صدر روز یاو نے کہا کہ صارفین اب صرف ہیڈفون لگائیں، ٹرانسلیٹ ایپ کھولیں، ‘لائیو ٹرانسلیٹ’ پر ٹیپ کریں، اور اپنی پسند کی زبان میں حقیقی وقت کا ترجمہ سنیں۔
یہ بیٹا فیچر فی الحال امریکہ، میکسیکو اور بھارت میں دستیاب ہے، جبکہ 2026 تک اس کو آئی او ایس اور دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔








