گوگل نے جی میل ایڈریس بدلنے کا نیا فیچر متعارف کروا دیا

0
62
گوگل نے جی میل ایڈریس بدلنے کا نیا فیچر متعارف کروا دیا

ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی سہولت متعارف کروائی گئی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے پرانے جی میل ایڈریس کو بغیر ڈیٹا ضائع کیے تبدیل کر سکتے ہیں۔
گوگل کے سربراہ سندر پچائی نے اعلان کیا کہ صارفین اب اپنی پرانی اور غیر پیشہ ورانہ ای میل آئی ڈیز کو نئے اور مناسب ناموں میں بدل سکیں گے۔ اس کے لیے صارفین کو اپنے گوگل اکاؤنٹ کی سیٹنگز میں جا کر دستیاب نام منتخب کرنا ہوگا۔
اس عمل کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ پرانا ایڈریس مکمل طور پر ختم نہیں ہوگا بلکہ صارف کے اکاؤنٹ کے ساتھ جڑا رہے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی دوسرا شخص پرانا ایڈریس استعمال نہیں کر سکے گا اور پرانی ای میلز بھی نئے ایڈریس کے ان باکس میں موصول ہوں گی۔
اسی کے ساتھ، گوگل نے جیمنائی کی مدد سے جی میل کو مزید اسمارٹ بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ نئے “اے آئی انباکس” فیچر کے ذریعے اہم ای میلز کو ترجیحی بنیادوں پر نمایاں کیا جائے گا اور بلوں یا ضروری کاموں والی ای میلز کو بولڈ کر کے دکھایا جائے گا۔
مزید یہ کہ سفر، قیام، اور ریسٹورنٹ ریزرویشن کی معلومات بھی ایک خاص سیکشن میں منظم کی جائیں گی تاکہ صارفین کے لیے تمام تفصیلات ایک جگہ دستیاب ہوں۔
اس نئے اے آئی فیچر کی ابتدائی طور پر امریکا میں کچھ صارفین کے لیے دستیابی ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ جلد اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔ جیمنائی ماڈل پہلے ہی صارفین کے ان باکس میں موجود طویل ای میلز کا خلاصہ پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے وقت کی بچت اور اہم معلومات تک آسان رسائی ممکن ہو گئی ہے۔

Leave a reply