
ہاٹ لائن نیوز: لاہور میں توڑ پھوڑ کے الزام میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور سمیت تین سو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں دہشت گردی، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق علی امین گنڈا پور نے سیالکوٹ انٹر چینج پر گاڑیوں پر اے کے 47 رائفل سے حملہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے پی کے تین سو افراد کے ہمراہ ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئے اور مسلح گروہ نے شہریوں کی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ شروع کردی۔
متن میں لکھا گیا کہ علی امین گنڈا پور اور شاہد خٹک نے کارکنوں کو توڑ پھوڑ پر اکسایا، مشتعل افراد نے ٹول پلازہ کے کیبن، بیریئرز اور سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے، حملے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئےہیں۔
ایف آئی آر کےمتن کیمطابق علی امین گنڈا پور اور شاہد خٹک جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے تھانہ مناواں میں وزیراعلیٰ کے پی سمیت تین سو افراد کیخلاف ایس ایچ او حدیرہ حماس حمید کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔









