“کیا یہ صرف ڈرامہ تھا؟ شوہر کی خودکشی کی کوشش کے پیچھے چھپے رشتوں کے راز”

0
57

تُمکورو، کرناٹک – کرناٹک کے ضلع تُمکورو میں ایک شخص نے سوشل میڈیا پر فیس بک لائیو کے دوران خودکشی کی کوشش کی، جس کے بعد مقامی افراد کی بروقت کارروائی سے اُس کی جان بچا لی گئی۔ مذکورہ شخص، جس کی شناخت سلمان پاشا کے نام سے ہوئی ہے، پیشے کے اعتبار سے ہائیڈرولک مکینک ہے اور حال ہی میں بیرونِ ملک سے واپس وطن لوٹا ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب سلمان نے سوشل میڈیا پر لائیو آ کر اپنے خاندانی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے الزامات عائد کیے۔ سلمان نے دعویٰ کیا کہ اُن کی بیوی اور اُس کے اہل خانہ اُنہیں ذہنی طور پر ہراساں کر رہے ہیں، اور اُنہیں اپنے بچوں سے دور رکھا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے ایک مقامی سیاسی رہنما پر بھی ناجائز تعلقات کے الزامات لگائے۔

فیس بک لائیو کے دوران سلمان نے خودکشی کی کوشش کی، تاہم ارد گرد موجود لوگوں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا، جہاں وہ تُمکورو ڈسٹرکٹ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

سلمان کی فیملی نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو درخواست دے کر معاملے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب، سلمان کی اہلیہ نے اُن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان پہلے بھی خودکشی کی جھوٹی کوششوں اور سنگین دھمکیوں کا سہارا لے چکے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ معاملہ پہلے ہی پولیس کے پاس زیر غور ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں فریقین کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں اور حقائق کی تصدیق کے بعد ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave a reply