
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اُبھرتے ہوئے فنکار ثمر جعفری نے حالیہ ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی فنی خواہشات اور پسندیدہ بھارتی شخصیات کے بارے میں گفتگو کی۔ اس انٹرویو میں انہوں نے اپنی بالی ووڈ ڈیبیو، کرکٹ شوق اور موسیقی کے میدان میں خوابوں کے پروجیکٹس کا کھل کر اظہار کیا۔
ثمر جعفری کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ اپنا بالی ووڈ ڈیبیو معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے ہدایتکار کرن جوہر کی فلموں کو پسند کرتے ہوئے خاص طور پر ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ جیسے نوجوانوں پر مبنی پروجیکٹس کو سراہا۔
بھارتی کرکٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ویرات کوہلی کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ وہ طویل عرصے سے ان کے مداح ہیں۔
موسیقی کی بات کی جائے تو ثمر جعفری کی خواہش ہے کہ وہ معروف گلوکارہ کاوش کے ساتھ ایک سلو رومانٹک گانا اور دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ایک مکمل پنجابی گیت کریں۔ ان کے بقول یہ دونوں ان کی “خوابوں کی کولیبریشنز” ہیں۔
یاد رہے کہ ثمر جعفری کو حال ہی میں ڈرامہ ”پرورش“ میں موسیقار کے طور پر سراہا گیا، جبکہ ان کی اداکاری کو ڈرامہ ”مائی ری“ میں بھی خوب پذیرائی ملی۔ ثمر بچپن سے ہی شوبز سے وابستہ ہیں اور مختلف مشہور اشتہارات میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کر چکے ہیں۔









