کھیل کو سیاست سے جوڑنے پر بھارتی وزیراعظم تنقید کی زد میں

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے حالیہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی فتح کو “آپریشن سندور” جیسے الفاظ سے تعبیر کرنا اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا باعث بن گیا ہے۔
بھارتی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاسی یا جنگی بیانیے سے جوڑنا افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ کانگریس کے رہنما اتل پٹیل نے سوال اٹھایا کہ کیا وزیراعظم کو سفارتی معاملات کی اہمیت کا ادراک ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو کھیل ہی رہنے دینا چاہیے اور اسے جنگی یا سیاسی ایجنڈے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سکپال نے بھی بیان دیا کہ وزیراعظم مودی ہر چیز میں سیاست کو شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے وہ ماحول ہو یا کھیل۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات سے نہ صرف کھیل کی روح متاثر ہوتی ہے بلکہ ملکی وقار بھی مجروح ہوتا ہے۔
ادھر ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی بیان میں کہا کہ کھیل کو جنگ سے جوڑنا افسوسناک رجحان ہے اور یہ رویہ مایوسی کا عکاس ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کھیلوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بین الاقوامی سطح پر بھارت کے امیج کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اور اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی بھی ہو سکتی ہے۔








