کپل دیو کی پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے بات چیت پر زور

سابق بھارتی کپتان اور 1983 میں بھارت کو ورلڈ کپ جتوانے والے کرکٹر کپل دیو نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک پڑوسی ہیں اور پڑوسیوں کو اچھے تعلقات قائم رکھنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ بات چیت کا راستہ اپنایا جائے۔
کپل دیو کا کہنا تھا کہ بھارت کو بڑے بھائی کے طور پر بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختلافات کو ختم کرنے میں پہل کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق ماضی کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر نمایاں رہی۔ اگرچہ کئی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، لیکن سیاسی ماحول کی تلخی کھیل پر بھی اثر انداز ہوئی، اور ٹورنامنٹ کا اختتام کھلاڑیوں کے درمیان سرد مہری اور بیزاری کے مناظر پر ہوا۔