
پاکستان سپر لیگ نے اعلان کیا ہے کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے بعد اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی لیگ کے ساتھ اپنے معاہدے میں مزید دس سال کی تجدید کر دی ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق یہ معاہدہ نئی ویلیوایشن کے تحت طے پایا، جس کا جائزہ ایک بین الاقوامی فرم ای وائی مینا نے کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی لیگ کے لیے خدمات قابل تعریف ہیں اور ان کا اعتماد پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی علامت ہے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے بھی معاہدے کی تجدید کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ ان کے مطابق فرنچائز کا جذبہ اور لیگ کے ساتھ وابستگی قابل تحسین ہے، جبکہ مقبولیت اور کارکردگی کے لحاظ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل کی اہم ترین ٹیموں میں شمار ہوتی ہے۔









