کوئٹہ: سریاب روڈ دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی

کوئٹہ کےعلاقے سریاب روڈ پر ہونیوالے خودکش دھماکےمیں جانبحق افرادکی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 38 افرادزخمی ہوچکے ہیں۔
محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکہ سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب پیش آیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کی باقیات قبضے میں لے لی گئی ہیں، جنہیں مزید تحقیقات کے لیے فارنزک لیبارٹری بھیجا جائے گا۔
مزید تفتیش جاری ہے۔








