
بنگلور: بھارتی ٹی وی انڈسٹری ایک افسوسناک خبر سے ہلا کر رہ گئی ہے۔ کنڑ اور تمل ٹیلی وژن میں ابھرتی ہوئی اداکارہ نندنی سی ایم اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں۔ واقعے کے بعد ٹی وی انڈسٹری میں گہرے صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود شواہد خودکشی کے امکان کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ اداکارہ کے کمرے سے ایک تحریری نوٹ بھی ملا ہے، جس میں انہوں نے خاندانی دباؤ اور شادی کے معاملے میں ذہنی تناؤ کا ذکر کیا ہے۔ نوٹ میں انہوں نے بتایا کہ مسلسل دباؤ اور ذہنی کشمکش کی وجہ سے وہ خود کو اس فیصلے کے لیے تیار محسوس نہیں کر پا رہی تھیں۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ نوٹ ملنے کے باوجود واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور کسی بھی امکان کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
نندنی سی ایم تمل اور کنڑ ٹی وی ڈراموں میں اپنی اداکاری سے پہچانی جاتی تھیں اور حال ہی میں ایک مقبول تمل ڈرامے میں اہم کردار ادا کر چکی تھیں۔ ان کے حالیہ ڈرامے میں ایک منظر میں زہر پینے کا کردار دکھایا گیا تھا، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ اس کا ان کی موت سے کوئی تعلق نہیں۔
نندنی کا تعلق کوٹور سے تھا اور وہ بنگلور میں مقیم تھیں۔ انہوں نے کئی کنڑ ٹی وی ڈراموں میں معاون کردار بھی ادا کیے تھے۔
ان کی اچانک وفات نے ٹی وی انڈسٹری میں شائقین اور ساتھی اداکاروں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔









