کم جونگ اُن کی کم عمر بیٹی پہلی بار ٹینک ڈرائیور کے طور پر سامنے

0
67
کم جونگ اُن کی کم عمر بیٹی پہلی بار ٹینک ڈرائیور کے طور پر سامنے

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی کم عمر بیٹی کم جو اے ایک فوجی مشق کے دوران ٹینک چلاتی ہوئی نظر آئیں، جس کے بعد مبصرین میں ملک کی ممکنہ قیادت کی منتقلی سے متعلق قیاس آرائیاں دوبارہ زور پکڑ گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کم جو اے ٹینک کے ڈرائیور کی نشست پر موجود ہیں جبکہ کم جونگ اُن ان کے پیچھے کھڑے مسکراتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ فوجی مشق مبینہ طور پر پیانگ یانگ کے ایک تربیتی مرکز میں نئی قسم کے ٹینک کی آزمائش کے دوران کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق کم جو اے کی عمر تقریباً 13 برس بتائی جاتی ہے اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے والد کے ہمراہ مختلف ریاستی اور عسکری سرگرمیوں میں نمایاں ہو رہی ہیں، جسے تجزیہ کار مستقبل کی قیادت کے لیے ان کی ممکنہ تیاری کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں وہ میزائل تجربات کے مشاہدے سمیت کئی اہم فوجی سرگرمیوں میں بھی موجود رہی ہیں۔ کم جو اے پہلی بار 2022 میں ایک بین البراعظمی میزائل تجربے کے موقع پر عوامی سطح پر سامنے آئیں، جس کے بعد وہ متعدد سرکاری تقریبات اور دوروں میں شریک ہوتی رہی ہیں۔
مبصرین کے مطابق ان کی مسلسل عوامی موجودگی شمالی کوریا کی قیادت کے مستقبل کے حوالے سے اہم سیاسی اشارے ہو سکتی ہے، تاہم سرکاری طور پر کسی جانشینی کی تصدیق نہیں کی گئی۔

Leave a reply