کرنسی نوٹ لے جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ، شاہراہ پر گاڑیاں بھی متاثر

0
63
کرنسی نوٹ لے جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ، شاہراہ پر گاڑیاں بھی متاثر

بولیویا میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور تقریباً 30 زخمی ہو گئے۔ حادثے کا شکار طیارہ بولیوین فضائیہ کی ملکیت تھا اور یہ مرکزی بینک سے نئے کرنسی نوٹ ملک کے دیگر شہروں تک منتقل کر رہا تھا۔ حادثے کے مقام پر بڑی تعداد میں نوٹ بکھرے ہوئے دیکھے گئے۔
بولیوین حکام کے مطابق سی-30 ہرکیولس طیارہ موسم کی خرابی کے باعث دارالحکومت لا پاز کے قریب واقع شہر ایل آلٹو میں ایک مصروف شاہراہ پر گر کر تباہ ہوا۔ طیارہ سانتا کروز دی لاسیرا سے روانہ ہوا تھا اور پرواز کے دوران موسمی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد سڑک پر طیارے کا ملبہ، تباہ شدہ گاڑیاں اور لاشیں بکھری پڑی تھیں۔ کم از کم 15 گاڑیاں اس حادثے کی زد میں آئیں۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، جسے بعد ازاں محدود طور پر کنٹرول کیا جا سکا۔
حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی ٹیموں نے فوری کارروائیاں شروع کیں۔ ایل آلٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسم طیارہ گرنے کی بنیادی وجہ ہو سکتی ہے۔

Leave a reply