
کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع امتیاز اسٹور میں صبح کے وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قابو پالیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق، فائر بریگیڈ کو تقریباً صبح 6 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر صدر فائر اسٹیشن سے فوری طور پر فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے۔ ابتدائی طور پر آگ اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی، جبکہ گراؤنڈ فلور کے مختلف مقامات پر بھی شعلے دیکھے گئے۔ آگ بجھانے کا عمل تاحال جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت اسٹور میں کوئی عملہ موجود نہیں تھا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ اے ٹی ایم مشین کے قریب لگی۔ اسٹور انتظامیہ نے ابتدا میں خود آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم فالس سیلنگ کی وجہ سے آگ اور دھواں تیزی سے پھیل گیا۔ عمارت میں دھواں نکلنے کے مناسب راستے نہ ہونے کی وجہ سے اندر دھواں جمع ہوگیا، جس سے ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ تمام افراد کو عمارت سے محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا ہے اور اس وقت کوئی بھی شخص اندر موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور آگ بجھانے کے عمل پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے اور شہر میں فائر سیفٹی آڈٹ جاری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔









