
کراچی چڑیا گھر میں موجود شیرنی “رانی” نے ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں ہونے والے پاک-بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستانی ٹیم کی فتح کی پیش گوئی کی ہے۔
چڑیا گھر کے عملے کے مطابق، جنوبی افریقہ سے لائی گئی شیرنی “رانی” نے ایک خصوصی انداز میں پاکستان کی جیت کی طرف اشارہ کیا۔ دیکھ بھال پر مامور ملازم نے بتایا کہ مخصوص طریقے سے کھانے کے انتخاب کے ذریعے شیرنی نے پاکستان کے حق میں فیصلہ سنایا۔
آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، جن کے کچھ فیصلے ماضی میں تنازعات کا باعث بن چکے ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے میچ سے ایک دن قبل آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں تقریباً تین گھنٹے کی بھرپور ٹریننگ کی، جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، تاہم شائقین کرکٹ کو آج کے میچ میں ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کی امید ہے۔