
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا جہاں چوری کی واردات کے دو روز بعد نامعلوم ملزمان لوٹا گیا سامان اسی گھر کے صحن میں پھینک کر فرار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق یوسی چیئرمین رضا جتوئی کے گھر میں دو روز قبل چوری کے دوران 40 لاکھ روپے نقد اور 20 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات لے جائے گئے تھے۔ بعد ازاں رضا جتوئی نے تھانے میں واقعے کی اطلاع بھی دی۔
ان کے مطابق اگلے ہی روز گھر کی خواتین صحن میں موجود تھیں کہ انہوں نے ایک تھیلا دیکھا جس میں وہی رقم اور زیورات موجود تھے۔ اس غیر متوقع صورتحال پر اہلِ خانہ نے حیرانی کا اظہار کیا اور فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ملزمان نے سامان واپس کیوں کیا۔









