کراچی پورٹ عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری کے ساتھ 61ویں نمبر پر آگیا

اسلام آباد: کراچی پورٹ نے عالمی سطح پر بڑی پیش رفت کرتے ہوئے بندرگاہوں کی درجہ بندی میں 405 ویں پوزیشن سے ترقی پا کر 61ویں نمبر حاصل کر لیا ہے۔ یہ بندرگاہ ملک کی مجموعی تجارت کا تقریباً 54 فیصد سنبھالتی ہے۔
یہ معلومات ایک حالیہ ملاقات کے دوران سامنے آئیں جب امریکی تجارتی وفد نے وزارت بحری امور کا دورہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان کی بندرگاہوں پر سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سیکرٹری بحری امور نے امریکی وفد کو کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ سے متعلق سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹ قاسم میں بلک اور کنٹینر کارگو، آف ڈاک ٹرمینلز، کوسٹل اکنامک زون، ایل این جی ٹرمینلز اور شپ یارڈ کی تعمیر جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفد کو گوادر پورٹ کی اسٹریٹجک اہمیت، سیاحت اور اقتصادی زونز میں جاری اور ممکنہ منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ امریکی وفد نے تینوں پاکستانی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔









