
کراچی میں شہریوں کے لیے ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے کے لیے پاکستان میں پہلی بار ڈرون کے ذریعے ای چالان نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔
صدر کے مختلف علاقوں میں خفیہ گشت کرنے والے ڈرونز نے پہلی کارروائی میں زیب النساء اسٹریٹ پر دو گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑا اور ان پر 10,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق، جرمانہ 14 دن کے اندر ادا کرنے کی صورت میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ٹرئفک حکام کے مطابق، ڈرونز کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں نگرانی کی جائے گی اور جان بوجھ کر غلط پارکنگ کرنے والوں کو فوری ای چالان جاری کیا جائے گا۔ یہ اقدام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو کم کرنے اور شہریوں میں ٹریفک شعور بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کے استعمال سے فوری کارروائی ممکن ہوگی اور شہری قوانین کی خلاف ورزی سے قبل ہی خبردار رہیں گے، جس سے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ اور پارکنگ کے نظام میں واضح بہتری آئے گی۔









