کراچی میں بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ، 2025 میں اب تک 96 کیسز رپورٹ

کراچی میں بھتہ خوری کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں سال کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے بھتے کے 96 واقعات رپورٹ کیے گئے، جن میں کئی جرائم پیشہ گروہوں کے ملوث ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع وسطی بھتہ خوری سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں 37 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دیگر اضلاع میں ضلع غربی میں 20، شرقی میں 15، سٹی میں 12، ملیر میں 5، کورنگی میں 3، جبکہ جنوبی اور کیماڑی میں دو، دو کیس سامنے آئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سال 2025 کے آغاز سے اب تک 33 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ 4 مبینہ بھتہ خور مختلف مقابلوں کے دوران ہلاک ہوئے۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ بھتہ خوری میں منظم جرائم پیشہ گروہ، جن کا تعلق ماضی میں لیاری گینگ وار سے رہا ہے، دوبارہ متحرک ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بعض گروہ بیرون ملک سے کالز کر کے رقم وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور یہ رقوم مبینہ طور پر ملک سے باہر منتقل کی جاتی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اہم ملزم وصی لاکھو کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سیکورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان واقعات سے شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں میں خوف کی فضا پیدا ہو رہی ہے، جس کے پیشِ نظر تمام اضلاع میں ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔