
کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں نیا ای چالان سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت چالان اسی شخص کے نام جاری کیا جائے گا جس کے نام پر گاڑی رجسٹرڈ ہے۔
ایک نجی نیوز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ضیا لنجار نے بتایا کہ شہر بھر میں ٹریفک سگنلز کے ساتھ نصب کیمرے ایک ماہ کے اندر فعال کر دیے جائیں گے، جبکہ اگلے ڈیڑھ سال میں 12 ہزار نئے کیمرے لگانے کا منصوبہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “کراچی جیسے بڑے شہر میں 2600 روزانہ چالان ہونا کوئی بڑی بات نہیں، لیکن ہم ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔”
ضیا لنجار نے واضح کیا کہ موٹرسائیکلوں کے لیے بھی دو اقسام کے چالان متعارف کرائے جا رہے ہیں، اور اگر کوئی شخص گاڑی فروخت کرنے کے باوجود اپنے نام پر رجسٹریشن برقرار رکھے تو یہ بھی قابلِ سزا جرم ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں رجسٹرڈ 10 ہزار ٹریلرز اور ٹینکرز پر ٹریکرز نصب کیے جا چکے ہیں، جو ای چالان سسٹم سے منسلک ہیں۔ اگر کوئی ہیوی وہیکل 30 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر چلے گی تو فوری طور پر ای چالان جاری ہوگا۔ سسٹم فینسی نمبر پلیٹس کو بھی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق، ٹریفک پولیس کے تعاون سے مختلف علاقوں میں ڈرائیونگ لائسنس ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کی جا سکے۔








