
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے مطابق، اب بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار روپے، کار پر 30 ہزار روپے اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ بھی موجود تھے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو جس نظام کا طویل عرصے سے انتظار تھا، اس پر اب پیشرفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک جرمانوں میں اضافے کی تجاویز سندھ حکومت کو پیش کی گئی تھیں، تاہم حکومت نے انتہائی بھاری جرمانوں کی منظوری نہیں دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے لیکن ابھی مزید کام کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک لائسنس کے اجراء کا نظام موثر نہیں ہوگا، شہر کا ٹریفک نظام درست نہیں ہو سکتا۔









