کبوتروں کو خوراک دینے پر خاتون کو بھاری جرمانہ

0
25
کبوتروں کو خوراک دینے پر خاتون کو بھاری جرمانہ

سنگاپور میں ایک 71 سالہ خاتون کو کبوتروں کو دانہ دینے کی وجہ سے بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ یہ خاتون پہلے بھی جنگلی کبوتروں کو کھانا دینے کے جرم میں قانون کی خلاف ورزی کر چکی ہیں۔
چینل نیوز ایشیا کے مطابق عدالت نے سانموگامناتھن شملہ نامی خاتون کو چار مختلف الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 3,200 سنگاپورین ڈالرز (تقریباً 7 لاکھ 4 ہزار روپے) جرمانہ عائد کیا۔
گذشتہ سال مئی میں بھی شملہ خاتون کو اسی جرم پر 1,200 سنگاپورین ڈالرز جرمانہ ہوا تھا، اور اس وقت انہوں نے عدالت کو یقین دلایا تھا کہ وہ دوبارہ ایسا نہیں کریں گی۔ تاہم، ایک ماہ کے اندر ہی وہ دوبارہ کبوتروں کو اناج اور روٹی کھلانے لگیں۔
استغاثہ کے مطابق جولائی 2025 سے جنوری 2026 کے درمیان شملہ نے کم از کم نو مرتبہ کبوتروں کو خوراک دی۔ عدالت میں پیش کی گئی ویڈیوز میں انہیں سنگاپور کے ٹواپایوہ علاقے میں کبوتروں کے بیچ دانہ ڈالتے ہوئے دیکھا گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ شملہ نے اپنے حلقے کے رکن پارلیمنٹ سے ملاقات کر کے ندامت بھی ظاہر کی تھی، مگر تین دن بعد دوبارہ کبوتروں کو خوراک دیتے ہوئے پکڑی گئیں۔ استغاثہ نے کہا کہ یہ بار بار خلاف ورزی ہے اور اس کے لیے سخت جرمانہ ضروری ہے۔
خاتون نے عدالت سے درخواست کی کہ جرمانہ کم کر کے انہیں کمیونٹی سروس کرنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ وہ بے روزگار ہیں اور ان کے پاس میڈیکل انشورنس نہیں ہے۔ تاہم عدالت نے 3,200 ڈالر کا جرمانہ برقرار رکھا، جسے شملہ نے فوراً ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کے حکم کے بعد بھی کبوتروں کو خوراک دینے کی ہر خلاف ورزی پر انہیں 10,000 سنگاپورین ڈالر تک کے جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

Leave a reply