
پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور وی لاگر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی ضمانت کے بعد پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے، اور ان کی موجودہ حالت نے مداحوں کو فکر مند کر دیا ہے۔
ڈکی بھائی تقریباً ایک دہائی سے یوٹیوب پر سرگرم ہیں اور اپنی محنت، منفرد انداز اور بے باک شخصیت کی وجہ سے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں جگہ رکھتے ہیں۔ تاہم گزشتہ چند ماہ سے وہ آن لائن جوئے ایپس کے کیس میں زیر حراست تھے اور ان کی ضمانت کی درخواستیں بار بار مسترد ہو رہی تھیں۔ چار ماہ سے زائد عرصے کی قید کے بعد بالاخر انہیں ضمانت مل گئی اور وہ جیل سے باہر آئے۔ کیس کی وجہ سے ان کے یوٹیوب چینلز بھی بند رہے اور وہ ڈیجیٹل دنیا سے دور رہے۔
ضمانت کے بعد ڈکی بھائی کی پہلی عوامی جھلک اس وقت دیکھنے کو ملی جب وہ اپنے وکلا کے ہمراہ مجسٹریٹ کورٹ پہنچے۔ ان کے ساتھ اہلیہ عروب جتوئی بھی موجود تھیں۔
عدالت سے باہر نکلتے ہی رپورٹرز نے ان کے قریب آ کر موبائل فونز اور مائیک ان کی طرف بڑھائے اور سوالات کیے، لیکن ڈکی بھائی واضح طور پر پریشان اور بے سکون دکھائی دیے۔ وہ خاموش رہے اور نیچے دیکھتے ہوئے اپنے وکلا کے ساتھ آگے بڑھتے رہے۔
ان کے چہرے پر تھکن کے آثار اور وزن میں کمی نظر آئی، جبکہ اہلیہ عروب جتوئی نے ہر لمحہ ان کا ہاتھ تھام کر ان کی حفاظت کی کوشش کی۔
ڈکی بھائی کی یہ پہلی جھلک ان کے مداحوں کے لیے تشویش کا سبب بنی اور ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے میڈیا کے رویے پر تنقید کی ہے۔









