ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان: یرغمالیوں کی رہائی پیر کو ہوگی

0
105
ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان: یرغمالیوں کی رہائی پیر کو ہوگی

اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس کے درمیان حال ہی میں ہونے والے امن معاہدے کے تحت فریقین نے مستقل جنگ بندی، یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے، امدادی سامان کی فراہمی اور غزہ کی تعمیر نو جیسے اہم نکات پر اتفاق کر لیا ہے۔

یہ معاہدہ مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں ہوا، جس میں امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر نے ضامن کا کردار ادا کیا۔ معاہدے کے پہلے مرحلے پر دونوں فریقین نے دستخط کر دیے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کو ’’امن کے سفر کی بڑی پیشرفت‘‘ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ یرغمالیوں کی رہائی جلد شروع ہو جائے گی۔ ان کے تازہ ترین بیان کے مطابق، ممکنہ طور پر پیر کے روز رہائی کا عمل شروع ہو گا۔

ادھر، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے معاہدے کو قومی اور سیاسی کامیابی قرار دیتے ہوئے امریکی کردار کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تاہم، حماس نے عالمی ضامنوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو معاہدے پر مکمل عملدرآمد کا پابند بنائیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کا تبادلہ باعزت طریقے سے ہونا چاہیے اور غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

امریکی میڈیا کے مطابق، اگر تمام فریقین طے شدہ نکات پر قائم رہے تو قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ ہفتہ یا اتوار سے شروع ہو سکتا ہے۔

Leave a reply